...

بلوچستان: اغوا کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں سمیت 11 افراد قتل

تشکر نیوز: صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد سمیت کُل 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ تشکر نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی کے ڈپٹی کمشنر حبیب اللہ موسی خیل نے کہا ہے کہ 12 اپریل کی رات 10 سے 12 مسلح افراد نے نوشکی تفتان شاہراہ این-40 پر سلطان چڑھائی کے قریب ناکہ بندی کی، مسلح افراد مختلف گاڑیوں کی چیکنگ کرتے رہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مسلح افراد نے تفتان جانیوالی بس روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے، شناخت پریڈ کے بعد 9 مسافروں کو اغوا کیا گیا۔ ایس ایچ او اسد مینگل نے بتایا کہ مسلح افراد قریب واقع سیکورٹی فورسز کی چوکی پر راکٹ فائر کرکے فرار ہوگئے، اغوا کئے گئے مسافروں کا تعلق پنجاب سے ہے۔

ڈپٹی کمشنر نوشکی کاکہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر پولیس، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد نوشکی پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب ایک پل کے نیچے سے اغوا ہونیوالے 9 افراد کی لاشیں برآمد کرلی ہیں۔

حبیب اللہ موسی خیل کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، تمام افراد کی لاشیں کوئٹہ روانہ کردی گئی، لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ پہنچائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ایس ایچ او نوشکی نے بتایا کہ اسی رات دوسرے واقعے میں مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران رکن صوبائی اسمبلی غلام دستگیر بادینی کے بھائی کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے ٹائر پھٹنے کے باعث گاڑی الٹ گئی، گاڑی الٹنے سے ایک شخص جاں بحق جب کہ غلام دستگیر کے بھائی سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نوشکی میں اغوا کے بعد بس مسافروں کے قتل کے واقعے کی مذمت اور گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

ان کا کہنا تھا کہ رنج کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوشکی میں فائرنگ سے 11 افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی نوشکی میں بس مسافروں کو اغوا کرکے قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ مریم نواز واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں اور ایک رہیں، نفرت بانٹنے والوں کا نام ونشان نہیں رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.