تشکر نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی تشکیل نو کردی۔ تشکر نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کو ای سی سی کا رکن بنادیا، ان کی شمولیت کے بعد ای سی سی ارکان کی تعداد 6 سے بڑھ کر7 ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ برقرار رہیں گے، ای سی سی ارکان میں تجارت، پاور اور پیٹرولیم کے وفاقی وزرا شامل ہیں، اس کے علاوہ اقتصادی امور اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزرا کمیٹی ارکان کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ 22 مارچ کو وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کی 7 کمیٹیاں تشکیل دے دیں، جن میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی (سی سی او ای) بھی شامل تھی۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے علیحدہ جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین ہوں گے۔
تاہم اگلے ہی روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو سونپ دی گئی تھی۔ کابینہ کے ایک سینیئر رکن نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے تشکر‘ کو بتایا کہ وزیراعظم کو خدشہ تھا کہ وہ اپنے مصروف شیڈول اور مصروفیات کی وجہ سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں کی صدارت نہیں کر سکیں گے۔