تشکر نیوز: صدر مملکت آصف زرداری نے کہا چینی سفیر سفیر چیانگ زئے دونگ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے چینی بھائیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ ایوان صدر کی جانب سے صدر مملکت سے پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے دونگ نے ملاقات کی۔
پریس ریلیز کے مطابق اہم ملاقات میں دونوں شخصیات نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت اور چینی سفیر نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے اپنے چینی بھائیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ واضح رہے کہ دونوں شخصیات کے درمیان یہ ملاقات خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں اسلام آباد سے داسو میں موجود ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم کی تعمیراتی سائٹ پر جاتے ہوئے بس پر ہونے والے خودکش بم دھماکے میں 5 چینی انجینئرز اور کے پاکستانی ڈرائیور کی ہلاکتوں کے ایک ایک ہفتے کے بعد ہوئی ہے۔
اس حملے کے بعد چین نے دھماکے کی مکمل تحقیقات اور اپنے شہریوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا جب کہ اس کے جواب میں پاکستان نے ’مجرموں اور سہولت کاروں‘ کی گرفتاری کے لیے فوری تحقیقات کا اعلان کیا تھا، چینی تفتیش کار بھی تحقیقات میں شامل ہونے پہنچ چکے ہیں۔
چینی حکومت کی جانب سے واقعے کی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے مطالبے کے جواب میں حکومت نے حملے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی ) بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔