ممبئی: پاکستان مخالف فلمیں بنانے کے باوجود بھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بالی ووڈ اسٹار سنی دیول کو الیکشن 2024 لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 30 مارچ ہفتے کے روز بی جے پی نے لوک سبھا امیدواروں کی اپنی آٹھویں فہرست جاری کی تھی جس میں پنجاب سے چھ، اڈیشا سے تین اور مغربی بنگال سے الیکشن لڑنے والے دو امیدواروں کے نام شامل تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سُپر اسٹار سنی دیول جوکہ اس سے قبل گورداسپور سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے انہیں نریندر مودی کی پارٹی بی جے پی نے سائیڈ لائن کرتے ہوئے ٹکٹ دینے سے انکار کردیا۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ سنی دیول پارلیمنٹ کے رُکن ہونے کے باوجود بھی پارلیمنٹ سے اکثر غیر حاضر رہتے تھے، اسی وجہ سے پارٹی نے اُن کی جگہ دنیش سنگھ ببو کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا ہے۔
اس سے قبل بی جے پی نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو ہماچل پردیش کے شہر مندی سے لوک سبھا کا الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت 19 اپریل کو انتخابات کا آغاز ہوگا اور 4 جون کو حتمی نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔