ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ تشکر نیوز‘ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتا لگایا۔

آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد چاکر لیاقت ہلاک ہو گیا جبکہ 2 دہشتگرد زخمی ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا جوکہ علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا قلع قمع کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں دہشت گردی میں اضافے کے پیشِ نظر سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔

گزشتہ روز 20 مارچ کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!