اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن چیلنج کر دئیے

 پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی گئی۔ بانی رہنما پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ شفاف انٹرا پارٹی الیکشن کرانے تک انتخابی نشان بلے کی اجازت نہ دی جائے۔ الیکشن کمیشن نئے انٹراپارٹی الیکشن کرانے کا حکم دے۔

الیکشن کمیشن غیرجانبدار فریق مقرر کرے جو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اپنی نگرانی میں کرائے۔ اسلام آباد کے رہائشی اور پی ٹی آئی کے ممبر راجہ طاہر نواز کی جانب سے بھی اسی طرح کی درخواست دائر کی گئی، راجہ طاہر نواز عباسی نے ایڈوکیٹ عزیز الدین کاکا خیل کے توسط سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی، جس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے گئے، ایک ڈمی پینل تشکیل دے کر انتخابات کروائے گئے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی، انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر پارٹی سیکرٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کروانے کی ہدایت کی جائے۔

 

 

خیال رہے کہ اکبر ایس بابر نے بھی پی ٹی آئی کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بےضابطگی کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی، چند دنوں میں ان انتخابات کو چیلنج کردیں گے، ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں، قوم کے سامنے انٹراپارٹی الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیاں رکھوں گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!