سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار‘ ڈالر بھی سستا ہوگیا

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 دسمبر 2023ء ) سٹاک مارکیٹ میں آج بھی تیزی کا رجحان برقرار ہے، اس کے علاوہ ڈالر بھی سستا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت آغاز ہوا اور 100 انڈیکس 212 پوائنٹس اضافے سے 62 ہزار 700 پوائنٹس پر پہنچ گیا، اس کے علاوہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں بھی 27 پیسے کمی ہوئی جس کے نتیجے میں انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 284.25 روپے ہوگئی۔

گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکچینج نے نیا ریکارڈ قائم کیا جہاں ہنڈرڈ انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار 62 ہزار کی حد عبور کی، پیر کے روز 100 انڈیکس نے 677 پوائنٹس اضافے کے بعد پہلی بار 62 ہزار کا سنگ میل عبور کیا جب کہ پچھلے کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 61 ہزار 691 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل خریداری اور ادارہ جاتی حمایت کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور یہ نئی ریکارڈ سطح پر پہنچا، بنچ مارک انڈیکس میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2604.90 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 61000 کی سطح عبور کرکے 61691.25 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ کی کارکردگی انتہائی تسلی بخش ہے، اصلاحات اور آئی ایم ایف کے اطمینان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، اس وقت ہماری سٹاک مارکیٹ خطے کی تمام مارکیٹوں سے زیادہ منافع بخش ہے۔

 

 

عاطف اکرام شیخ جو پی وی ایم اے کے چئیرمین اور اسلام آباد چیمبر کے صدر بھی رہے ہیں، انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے پیکج اور مثبت جائزہ رپورٹ، مالی نظم و ضبط اور بہترمنافع نے سرمایہ کاروںکے اعتماد میں اضافہ کیا ہے، تاہم معیشت اب بھی مشکل میں ہے اور جی ڈی پی 2.5 فیصد تک رہنے کاامکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!