وزیراعلیٰ مریم نواز کا عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات کا اعلان

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے، پھلوں سبزیوں اور دیگر اشیائےخوردونوش کے نرخ کنٹرول کئے جائیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو حکم

لاہور: وزیراعلیٰ مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی میں ریلیف کیلئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو حکم دیا کہ عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عہدہ سنبھالتے ہی مہنگائی سے ریلیف کے لئے پرائس کنٹرول کے لئے پائیدار اقدامات کا حکم دیا اور فوری پلان طلب کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 5 روز میں پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں ہے۔

عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے۔

گراں فروشی کے خاتمے کے لئے پائیدار سسٹم وضح کیا جائے۔ پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا خوردونوش کے نرخ کنٹرول کئے جائیں۔ گراں فروشی کا ارتکاب کرنے والوں کے سزا یقینی بنائی جائے۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اعلیٰ حکام کی جانب سے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا؟ خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گی، امن وامان لازم ہے لیکن شہریوں کی عزت، انہیں توہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے، قانون کے احترام کے ساتھ انسان اور شہری کا احترام یقینی بنائیں، سب قانون کا احترام کریں۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ اصلاحات، جدید آلات، ٹیکنالوجی اور تربیت سے پولیس کو عوامی خدمت فورس بنائیں گے، خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، رشوت خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، قانون کے مطابق ایف آئی آر کا فوری اندراج، ڈیجیٹل اور آئی ٹی نظام کا استعمال مزید بہتر بنائیں گے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پراسیکیوشن کے نظام کی خامیاں دور کریں گے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق بریفننگ دی۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مریم نوازشریف نے محفوظ پنجاب سے متعلق اپنے وژن کی روشنی میں پالیسی ہدایات جاری کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!