کراچی میں ڈومیسائل اور پی آر سی بنوانے کی سہولت گھر بیٹھے دستیاب

شہری اب ڈومیسائل اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) کے لیے گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا افتتاح کردیا۔

آصف حیدر شاہ کے مطابق شہریوں کو اب سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے دفاتر کے چکر اور قطاروں میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی یہ سہولت حاصل کی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل اور پی آر سی بنوانے میں ہفتوں لگنے والا کام اب گھنٹوں میں مکمل ہوگا۔

جعلی ڈومیسائل کی روک تھام میں مدد ملے گی

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کا سرکاری نظام سے پہلا واسطہ اکثر ڈومیسائل بنواتے وقت پڑتا ہے۔ اس عمل کو آسان بنانے سے شہریوں میں حکومت کا تاثر بہتر ہوگا۔

ان کے مطابق ای ڈومیسائل سسٹم جعلی درخواستوں اور جعلی ڈومیسائل کی روک تھام میں بھی مدد دے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سہولت کو سندھ کے دیگر اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی۔

افتتاحی تقریب میں چیف سیکریٹری سندھ نے ای پورٹل کے ذریعے ڈومیسائل حاصل کرنے والے نوجوانوں میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔

آن لائن درخواست اور دستاویزات کی تصدیق

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بریفنگ میں بتایا کہ شہری پورٹل کے ذریعے ڈومیسائل اور پی آر سی کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔

پورٹل پر رجسٹریشن، چہرے کے ذریعے شناخت کی تصدیق اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنے کی سہولت موجود ہے۔

درخواست گزار مقررہ فیس آن لائن یا بینک چالان کے ذریعے جمع کراسکیں گے۔ شہری پورٹل پر اپنی درخواست کی پیش رفت اور فیصلے سے بھی آگاہ رہیں گے۔

منصوبے کی بریفنگ کے مطابق متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا دفتر دستاویزات کی جانچ کے بعد درخواست پر فیصلہ کرے گا۔

ڈیجیٹل ریکارڈ اور فوری تصدیق

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈومیسائل اور پی آر سی کا ڈیجیٹل ریکارڈ ایک ہی نظام میں محفوظ ہوگا۔

مجاز ادارے جاری کردہ سرٹیفکیٹس کی آن لائن فوری تصدیق بھی کرسکیں گے۔

افتتاحی تقریب میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!