کراچی میں شہید انسپکٹر جاوید ابڑو کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ نمازِ جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرز گارڈن، جنوبی میں ادا کی گئی۔
تقریب میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جیز کراچی اور اسپیشل برانچ نے شرکت کی۔ ڈی آئی جیز ایسٹ، ساؤتھ اور سی ٹی ڈی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیف سی پی ایل سی، ایس ایس پیز سی ٹی ڈی، ایسٹ، ملیر اور اے وی ایل سی کے افسران بھی شریک ہوئے۔ شہید کے عزیز و اقارب، ورثاء اور علاقہ مکینوں نے بھی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
آئی جی سندھ کا اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے شہید انسپکٹر کے سروس کیریئر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جرائم کے خلاف ان کی نمایاں خدمات کا بھی ذکر کیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہید کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
ملزمان کی گرفتاری اولین ترجیح ہے، آئی جی سندھ
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سندھ پولیس کی اولین ترجیح واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری ہے۔ اہلِ خانہ کو انصاف فراہم کرنا بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے شہید انسپکٹر کی خدمات اور جرائم کے خلاف جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں سندھ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ جاوید ابڑو نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کی۔ ان کی قربانی نے محکمہ پولیس کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پولیس شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کی معاونت اور دیکھ بھال محکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے۔