...

شاعرِ مشرق علامہ اقبال کا 149واں یومِ ولادت آج منایا جا رہا ہے

شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ ولادت آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک میں عام تعطیل ہے، جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

علامہ اقبال بیسویں صدی کے عظیم شاعر، مصنف، قانون دان اور سیاست دان تھے۔ وہ تحریکِ پاکستان کی اہم شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی شاعری آج بھی نوجوانوں میں حوصلہ، خودی اور عمل کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔

علامہ اقبال کی زندگی اور علمی خدمات

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کی۔ 1905 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ گئے، جہاں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

1910 میں وطن واپسی کے بعد انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری کا پیغام عام کیا۔ ان کی فکر نے مسلمانوں کو سیاسی اور فکری طور پر متحد ہونے کی ترغیب دی۔

سیاسی میدان میں ان کا اہم کارنامہ مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کرنا تھا۔ یہی تصور آگے چل کر قیامِ پاکستان کی فکری بنیاد بنا۔

نوجوانوں کے لیے اقبال کا پیغام

علامہ اقبال کو نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ انہوں نے اپنی شاعری میں نوجوانوں کو شاہین اور عقاب سے تشبیہ دی۔ ان کا پیغام خودی، بلند حوصلے، علم اور مسلسل جدوجہد پر مبنی تھا۔

اقبال کی شاعری میں تصوف، خودی اور امتِ مسلمہ کے احیا کے موضوعات نمایاں ہیں۔ ان کے فلسفے کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ان کے مشہور شعری مجموعوں میں بانگِ درا، زبورِ عجم، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، جاوید نامہ اور پیامِ مشرق شامل ہیں۔

علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔

مزارِ اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پُروقار تقریب

علامہ اقبال کے 149ویں یومِ ولادت کے موقع پر ان کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تھے۔ اس دوران پاکستان رینجرز پنجاب اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا گیا۔ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہو کر رخصت ہوا۔

گارڈز کی تعیناتی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی کے سویلینز کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.