ایک ہی دن میں دوسری مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

جمعہ کے روز خیبرپختونخواہ اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری2024ء) ایک ہی دن میں دوسری مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں 2 مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز پہلے سوات، مینگورہ اور گردونواح میں 4.9زلزلہ کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 142 کلومیٹر زیر زمین تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ہندو کش ریجن افغانستان تھا، زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ بعد ازاں جمعہ کی شب کو آزاد کشمیر کے بھی مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ یاد رہے کہ کچھ ہفتے قبل ہالینڈ کے ارضیاتی تحقیق کے ادارے سولر سسٹم جیومیٹری سروس (ایس ایس جی ایس) نے پاکستانی صوبے بلوچستان میں چمن فالٹ لائن پر ایک طاقت ورز زلزلے کی پیش گوئی کی تھی۔

 

 

ایس ایس جی ایس نے سطح سمندر کے فریب ماحولیاتی برقی چارج میں اتار چڑھاو کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا۔ یہ اتارچڑھاو زمین کے محور کی گردش سے منسلک ہے۔ ایس ایس جی ایس اپنی تحقیقات کے مطابق ان خطوں کی نشاندہی کرتا ہے جہاں ایک سے نو دن کے دوران زلزلہ محسوس کیا جاسکتا ہے۔ زلزلے سے متعلق یہ دعوے گوکہ ابتدائی طورپر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کیے جارہے تھے لیکن جب ایس ایس جی ایس کے سیسمولوجسٹ فرینک ہوگربیٹس نے جب اس دعوے کی تائید کی تو اس کو اہمیت حاصل ہوگئی۔
ماضی میں ہوگربیٹس کی گئی کئی پیش گوئیاں درست ثابت ہو چکی ہیں۔فرینک ہوگربیٹس نے فروری میں ترکی اور شام میں بڑے زلزلے کی پیش گوئی کی تھی۔ ان کی پیش گوئی کے بعد وہاں 7.8شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ انہوں نے 30 جنوری 2023 کو پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور چین میں ارضیاتی سرگرمیوں میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی، جس کے بعد7 فروری کو پاکستان میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
اس پیشن گوئی کے بعد سے پاکستان کے لوگوں میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا تھا جس کے بعد محکمہ موسمیات کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پاکستان میں سونمیانی سے شمالی علاقے تک 2 بڑی ٹیکٹونک پلیٹس ہیں، ان میں کسی بھی مقام پر زلزلہ آسکتا ہے، کوئی ایک جگہ نہیں بتائی جا سکتی، پاکستان میں ٹیکٹونک پلیٹس کی پیشگوئی سے متعلق سسٹم نصب نہیں ہے۔ زلزلہ کب اور کہاں آئے گا اس کی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!