اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، یعنی گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ نتائج میں پری میڈیکل، سائنس جنرل، کامرس، آرٹس، خصوصی امیدواروں اور ہوم اکنامکس کے گروپس شامل ہیں۔
بورڈ کے مطابق سائنس گروپس کے تمام اختیاری مضامین کی جانچ جدید او ایم آر (OMR) اور ای مارکنگ (E-Marking) نظام کے تحت کی گئی۔ ناظم امتحانات زرینہ راشد نے مختلف گروپس کے نتائج اور امیدواروں کی کامیابی کی تفصیلات جاری کیں۔
پری میڈیکل اور سائنس جنرل کے نتائج
بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق پری میڈیکل گروپ میں 25 ہزار 157 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 24 ہزار 544 امتحانات میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 11 ہزار 966 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب ہوئے۔
سائنس جنرل گروپ میں 30 ہزار 991 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 30 ہزار 386 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 15 ہزار 36 امیدواروں نے تمام چھ پرچوں میں کامیابی حاصل کی۔
کامرس ریگولر اور پرائیویٹ نتائج
کامرس ریگولر گروپ میں 23 ہزار 549 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 22 ہزار 693 نے امتحانات دیے۔ ان میں سے 9 ہزار 332 امیدوار تمام سات پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔
کامرس پرائیویٹ گروپ میں 1,485 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی اور 1,413 امتحانات میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 628 امیدواروں نے تمام سات پرچوں میں کامیابی حاصل کی۔
آرٹس اور خصوصی امیدواروں کے نتائج
آرٹس ریگولر گروپ میں 11 ہزار 171 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے، جن میں سے 10 ہزار 678 نے امتحانات میں شرکت کی۔ ان میں سے 3 ہزار 748 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب ہوئے۔
آرٹس پرائیویٹ گروپ میں 1,702 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 1,623 امتحانات میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 692 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔
خصوصی امیدواروں کے آرٹس ریگولر گروپ میں 99 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 97 نے امتحانات دیے۔ ان میں سے 58 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب ہوئے۔
ہوم اکنامکس کے نتائج
ہوم اکنامکس گروپ میں 146 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 141 امتحانات میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 41 امیدوار تمام سات پرچوں میں کامیاب قرار پائے۔
نئے گریڈنگ سسٹم کا نفاذ
بورڈ کے مطابق آئی بی سی سی اور محکمہ جامعات و بورڈز حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت رواں سال انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے امتحانات میں نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔
اس نظام کے تحت کسی بھی پرچے میں 40 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدوار کو ’اَن گریڈڈ‘ (Ungraded) قرار دیا جائے گا۔ ایسے امیدوار کو متعلقہ پرچے میں کامیاب تصور نہیں کیا جائے گا اور اسے دوبارہ امتحان دینا ہوگا، بشرطیکہ وہ امتحان میں شرکت کی دیگر شرائط پوری کرتا ہو۔
نتائج آن لائن کیسے دیکھیں؟
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مطابق تمام متعلقہ گروپس کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔ امیدوار اپنے نتائج بورڈ کی آفیشل اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے بھی دیکھ سکتے ہیں۔
ایپ حاصل کرنے کے لیے گوگل پلے اسٹور پر BIEK تلاش کرکے اسے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔