سندھ پبلک سروس کمیشن: عمر کی حد 33 سال، امتحان کے مواقع پانچ کرنے کی منظوری

سندھ کابینہ نے سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) میں اصلاحات کی منظوری دے دی ہے۔ مشترکہ مسابقتی امتحان (سی سی ای) کے لیے عمر کی حد 30 سے بڑھا کر 33 سال کردی گئی ہے۔ امتحان میں شرکت کے مواقع بھی تین سے بڑھا کر پانچ کردیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس سی ایم ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں کمیشن کے امتحانی نظام اور امیدواروں کے لیے مختلف اصلاحات پر غور کیا گیا۔

سی سی ای 2026 کے لیے کامیابی کا معیار کم

کابینہ نے سی سی ای 2026 کے اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی کا کم از کم معیار 40 فیصد سے کم کرکے 33 فیصد کرنے کی منظوری بھی دی۔

اس فیصلے کے تحت امیدواروں کو اسکریننگ ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے پہلے سے کم نمبر درکار ہوں گے۔

امتحانات میں کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف ہوگا

سندھ کابینہ نے ایک پرچے پر مشتمل امتحانات کے لیے کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نظام کے تحت امتحان کے نتائج فوری طور پر پرنٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس پی ایس سی کے انٹرویو نمبروں میں بھی نظرثانی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے وفاقی پبلک سروس کمیشن کے تناسب کو مدنظر رکھنے کی تجویز پیش کی گئی۔

آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تجویز

سندھ پبلک سروس کمیشن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی اصلاحات متعارف کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی۔ کمیشن میں اصلاحات کے لیے کابینہ کی ایک اصلاحاتی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔

امیدواروں کے تحفظات دور کرنے کے لیے نظرثانی کا طریقہ

اجلاس میں احتجاج کرنے والے امیدواروں کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی سے متعلق تجویز بھی زیر غور آئی۔

اس کے علاوہ انٹرویو کے دوران کسی امیدوار کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی صورت میں نظرثانی کا طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت اور امیدواروں کے تحفظات کے ازالے کو بہتر بنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!