سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں جمہوریت کی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق شہدائے کارساز کا لہو جمہوری جدوجہد کی امانت ہے۔ ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے عزم، وفاداری اور جمہوریت کی علامت ہیں۔
بینظیر بھٹو کی وطن واپسی جمہوری امنگوں کی ترجمان تھی
شرجیل میمن نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی عوام کی جمہوری امنگوں کی ترجمانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی عوام کے جمہوری عزم کو شکست نہیں دے سکتی۔
ان کے مطابق 18 اکتوبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے قربانیاں دینے والوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
شہداء کا مشن آگے بڑھانے کا عزم
سندھ کے سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہداء کا مشن جاری رکھا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہدائے کارساز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ جمہوریت اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔