کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے ملاقات کی۔
چیئرمین پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نثار حسین جعفری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں سندھ کے گڈز ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
معاہدوں پر عملدرآمد کا معاملہ
ملک شہزاد اعوان کے مطابق دسمبر اور اگست کی ملک گیر ہڑتالوں کے دوران سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کا معاملہ خصوصی طور پر زیر بحث آیا۔
انہوں نے کہا کہ ناردرن بائی پاس پر ٹرک اسٹینڈ کے لیے 600 ایکڑ زمین فراہم کرنے کے وعدے پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔
ان کے مطابق نئے ٹرک اسٹینڈ میں کے ایم سی اور واٹر بورڈ کی جگہ پر 4 ایکڑ زمین پارکنگ کے لیے مختص کرنے سے متعلق معاہدے پر بھی عملدرآمد ہوچکا ہے۔
مائی کلاچی روڈ پر پارکنگ کا مطالبہ
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ مائی کلاچی روڈ پر مقامی ایسوسی ایشنز اور لوکل ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 17 ایکڑ زمین فراہم کرنے کے وعدے پر بھی جلد عملی پیش رفت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھرڈ پارٹی انشورنس کے خاتمے کا مطالبہ بھی سندھ حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا حصہ ہے۔
ان کے مطابق ہوم منسٹر کی جانب سے تھرڈ پارٹی انشورنس ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی اور اب اس پر عملی اقدام ہونا چاہیے۔
آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی تنظیم نو، بلاول بھٹو نے 4 رکنی کمیٹی بنا دی
ای ٹکٹنگ اور ڈرائیونگ لائسنس کے مسائل
ملاقات میں پورٹ قاسم لنک روڈ کے کانٹے سے متعلق گڈز ٹرانسپورٹرز کی شکایات بھی زیر بحث آئیں۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹریفک پولیس کے ای ٹکٹنگ اور چالان کے نظام میں گڈز ٹرانسپورٹرز کو ریلیف دینے کا وعدہ بھی معاہدوں میں شامل ہے۔
انہوں نے ڈرائیورز کو HTV ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں درپیش مشکلات ختم کرنے اور براہ راست ٹیسٹ کے ذریعے لائسنس جاری کرنے کے مطالبے پر بھی عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔
اویس قادر شاہ کی یقین دہانی
ملک شہزاد اعوان کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور وعدوں پر عملدرآمد کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اویس قادر شاہ بطور وزیر ٹرانسپورٹ بھی ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے رابطے میں رہے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے اسپیکر سندھ اسمبلی کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا بھی ذکر کیا اور سندھ اسمبلی کے اجلاس بہتر انداز میں چلانے پر ان کی خدمات کو سراہا۔