ضلع کیماڑی کے تھانہ ماڑی پور پولیس نے ہاؤس رابری کے مقدمے میں اہم کارروائی کی ہے۔
پولیس کے مطابق چار رکنی ڈکیت گروہ کے مبینہ سرغنہ کو 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت باچا زادہ ولد شیرزادہ کے نام سے ہوئی ہے۔
عبدالرحمان گوٹھ میں گھر پر ڈکیتی
پولیس کے مطابق گزشتہ رات عبدالرحمان گوٹھ، ہاکس بے میں امجد علی نامی شہری کے گھر ڈکیتی ہوئی۔
چار مسلح ملزمان نے گھر میں موجود افراد کو مبینہ طور پر یرغمال بنایا۔
ملزمان نے اسلحے کے زور پر طلائی زیورات اور موبائل فونز لوٹ لیے۔
واقعے کے بعد مقدمہ نمبر 316/26 دفعہ 397/34 کے تحت درج کیا گیا۔
مسروقہ زیورات اور موبائل فون برآمد
پولیس کے مطابق تکنیکی ذرائع اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزم تک رسائی حاصل کی گئی۔
کارروائی کے دوران ملزم باچا زادہ کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
برآمد سامان میں طلائی زیورات کا سیٹ، دو جھومر، 11 انگوٹھیاں، بندے اور موبائل فونز شامل ہیں۔
دیگر ملزمان کی تلاش جاری
پولیس کے مطابق واردات میں ملوث ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
گرفتار ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مزید مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
