بیرونی قرض: پاکستان نے مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 1.70 ارب ڈالر لیے

موجودہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان نے بیرونی قرض کی مد میں 1 ارب 70 کروڑ ڈالر حاصل کیے۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان کو 1 ارب 37 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی۔

اس طرح جولائی اور اگست میں بیرونی قرضوں میں 23.60 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ حاصل کردہ رقم 476 ارب روپے کے برابر ہے۔

گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں پاکستان کو 391 ارب روپے کے مساوی بیرونی قرض ملا تھا۔

منصوبوں اور دیگر مد میں قرض

دستاویز کے مطابق زیر جائزہ مدت میں مختلف منصوبوں کے لیے 48 کروڑ 45 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔

نان پراجیکٹ کی مد میں پاکستان کو 1 ارب 21 کروڑ ڈالر ملے۔

عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 59 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا قرض فراہم کیا۔

اسلامی ترقیاتی بینک نے 19 کروڑ 12 لاکھ ڈالر دیے۔ عالمی بینک نے 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی مالی معاونت حاصل ہوئی۔

مختلف ممالک سے مالی معاونت

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق مختلف ممالک نے اس عرصے میں 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔

جرمنی نے 1 کروڑ 28 لاکھ ڈالر جبکہ سعودی عرب نے 89 لاکھ ڈالر دیے۔

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں چین نے پاکستان کو کوئی مالی معاونت فراہم نہیں کی۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹ اور کمرشل قرض

دستاویز کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے۔

پاکستان نے غیر ملکی کمرشل بینکوں سے بھی 30 کروڑ ڈالر قرض لیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!