پیٹرول ریلیف کے ذریعے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والوں کو سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام پر اضافی بوجھ سے آگاہ ہے۔
وزیراعظم کے مطابق مشکل وقت میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے خصوصی اسکیم شروع کی جا رہی ہے۔
موٹرسائیکل اور رکشہ صارفین کے لیے ریلیف
شہباز شریف نے بتایا کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگچی استعمال کرنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف ملے گا۔
دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا۔ اس طرح ہر صارف کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے تک فائدہ مل سکے گا۔
800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے بھی سہولت
وزیراعظم کے مطابق 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان بھی اسکیم میں شامل ہوں گے۔
انہیں ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔ اس حساب سے انہیں ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے کا ریلیف ملے گا۔
اسکیم کا اطلاق کب ہوگا؟
شہباز شریف کے مطابق اسلام آباد میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا۔
پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسکیم بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے نافذ کی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق عوام کو آگاہی مہم کے ذریعے معلومات فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی حکومتوں کا تعاون
شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے رجسٹریشن کے عمل میں صوبائی حکومتوں کے تعاون کو بھی سراہا۔