کراچی: خواجہ اجمیر نگری کے علاقے سیکٹر 5-C/3 میں اقصیٰ مسجد کے قریب پولیس نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک مبینہ ڈاکو کو ہلاک کردیا۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزمان ایک شہری سے موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ شہریوں نے مزاحمت کی اور شور مچایا۔ اطلاع ملتے ہی گشت پر مامور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کے مطابق مقابلے میں ایک ملزم شدید زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گیا۔ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، جبکہ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت اور واقعے سے متعلق مزید معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے ترجمان کے مطابق پولیس علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔