کراچی: لیاری ایکسپریس وے متاثرین سے متعلق کیس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو گرفتار کرکے 15 ستمبر کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔ عدالت نے ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات کو بھی طلب کرلیا ہے۔
متاثرین کے وکیل شیخ شوکت علی ایڈووکیٹ کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے دوران 72 لیز شدہ گھروں کو مسمار کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق سیشن کورٹ نے 2021 میں متاثرین کو 32 کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم حکومت سندھ کی اپیل کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی۔
عدالت نے بعد ازاں حکومت سندھ کو متاثرین کو رقم ادا کرنے کی ہدایت کی اور عمل درآمد کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
وکیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر سینٹرل کو متعدد نوٹس جاری کیے گئے، تاہم وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے عدم تعمیل پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔