کراچی: میر رضا کے قتل کے خلاف شارع فیصل پر احتجاج اور سڑک بند کرنے کے الزام میں فیروز آباد پولیس نے 20 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی متاثر کرنے اور پولیس اہلکاروں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 147، 149، 186، 341 اور 504 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مظاہرین شارع فیصل پر جمع ہوئے اور احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو سڑک کھولنے اور احتجاج ختم کرنے کے لیے متعدد بار کہا گیا، تاہم مبینہ طور پر انہوں نے مزاحمت کی۔
مقدمے میں مدثر خان، دانش رضا، فیضان مولا، محمد خان، فیضان حسن سوار، علی رضا عرف زبیری، طلحہ، عدیب، شہباز جنید، سبیل، عماد، عبداللہ، فرحان خالد، احمد، بلال خان، جمیل شیخ اور باج محمد سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ بعض افراد کو نامعلوم ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے اور احتجاج میں شریک دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔