اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معاہدۂ مکہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا معاہدہ ہے، جس کا مقصد علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی کوششوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے کے ان دیگر ممالک کے لیے بھی کھلا ہے جو اپنے اختلافات کو پرامن ذرائع سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاہدۂ مکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔ ان کے مطابق مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی قیادت اور عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق معاہدۂ مکہ کئی سال تک جاری رہنے والی بات چیت، مشاورت اور باہمی ہم آہنگی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی دفاعی تعاون کے ذریعے خطے میں امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔