سیکیورٹی پلان: ربیع الاول کے جلوسوں اور محافلِ میلاد کے محفوظ انعقاد پر کراچی پولیس کا اجلاس

کراچی: سیکیورٹی پلان کے حوالے سے کراچی پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ربیع الاول کے دوران ہونے والے جلوسوں، محافلِ میلاد النبی ﷺ اور دیگر مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کی۔

اجلاس میں کراچی پولیس کے سینئر افسران، علماۓ کرام، جلوسوں اور محافلِ میلاد کے منتظمین سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، جلوسوں کے راستوں، تجاوزات، پارکنگ، صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامی امور سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ ربیع الاول کے مقدس مہینے میں تمام مذہبی اجتماعات کا پرامن انعقاد یقینی بنانا کراچی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی پلان بروقت مکمل کیا جائے اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور محافلِ میلاد کے منتظمین سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

اجلاس میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر بھی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک انتظامات بہتر بنائے جائیں اور متبادل راستوں سے شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے۔

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کراچی پولیس، علماۓ کرام اور منتظمین کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!