ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی تیاری شروع کر دی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو دو روز بعد ہڑتال کی کال دی جائے گی۔
ملک شہزاد اعوان کی زیر صدارت گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 10 روز میں ڈیزل 65 روپے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں گڈز ٹرانسپورٹ چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ اسی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
ملک گیر ہڑتال کا اعلان متوقع
گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹ تنظیمیں حکومت سے ریلیف کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس، موٹروے فیس اور ٹریفک جرمانوں میں بھی ریلیف فراہم کرے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو سہولت دینے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے دسمبر کی ہڑتال کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا۔
گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے واضح کیا کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دے سکتے ہیں۔