موٹر سائیکل چھیننے کی ایک اور واردات کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 11-اے میں پیش آئی، جہاں مسلح ملزمان نے میاں بیوی سے چند سیکنڈ میں موٹر سائیکل چھین لی۔
پولیس کے مطابق واردات سر سید تھانے کی حدود میں رات تقریباً ساڑھے 10 بجے ہوئی۔ متاثرہ میاں بیوی ایک ریسٹورنٹ کے باہر اپنی موٹر سائیکل پر سوار ہونے لگے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار تین ملزمان اچانک موقع پر پہنچے۔ ملزمان نے اسلحہ دکھا کر شہری سے موٹر سائیکل چھین لی۔
فوٹیج کے مطابق پوری واردات تقریباً 20 سیکنڈ میں مکمل ہوئی۔ شہری نے مزاحمت نہیں کی، جس کے بعد ملزمان موٹر سائیکل لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے 28 جولائی کو پیش آنے والی واردات کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔