...

غیر قانونی تعمیرات: ڈی سی ساؤتھ کا کریک ڈاؤن، 32 زیر تعمیر عمارتوں کی فوری جانچ کا حکم

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ضلع ساؤتھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو 32 زیر تعمیر عمارتوں کی فوری جانچ اور قانونی کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

کراچی میں ضلع ساؤتھ کی انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی جانب سے جاری مراسلے میں ایس بی سی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع بھر میں موجود 32 زیر تعمیر عمارتوں کا معائنہ کرکے ان کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے۔

مراسلے کے مطابق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاسوں اور خطرناک و غیر قانونی عمارتوں سے متعلق سرکاری واٹس ایپ گروپ میں موصول ہونے والی شکایات اور اطلاعات کی بنیاد پر ان تعمیراتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے کہا ہے کہ ایس بی سی اے تمام مقامات کا فوری معائنہ کرے اور ہر عمارت کو منظور شدہ نقشوں، این او سی، بلڈنگ بائی لاز اور متعلقہ قوانین کے مطابق چیک کرے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی مقام پر غیر قانونی، غیر مجاز یا منظور شدہ نقشوں سے ہٹ کر تعمیرات سامنے آئیں تو ایس بی سی اے قانون کے مطابق فوری کارروائی کرے، جس میں عمارت کو سیل کرنا اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ایس بی سی اے کو ہدایت دی ہے کہ تمام 32 عمارتوں کے حوالے سے الگ الگ انسپکشن رپورٹ اور ایکشن ٹیکن رپورٹ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے دفتر میں جمع کرائی جائے۔

سرکاری مراسلے کی نقول کمشنر کراچی، ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ضلع ساؤتھ کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر میں تعمیراتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانا اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.