...

بلوچستان: وزیراعظم سے نوجوانوں کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج اور وفاقی منصوبوں میں مؤثر نمائندگی کا مطالبہ

بلوچستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار، تعلیم اور وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر رسائی یقینی بنانے کے مطالبے کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر اور صوبائی صدر بلوچستان منیر احمد بگٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک تفصیلی خط ارسال کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود بلوچستان کے نوجوان بے روزگاری، تعلیمی پسماندگی، معاشی مشکلات اور ترقیاتی مواقع کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام، لیپ ٹاپ اسکیم، آسان قرضہ جات، ہنر مندی پروگرام، انٹرن شپ، دانش اسکولوں اور دیگر وفاقی منصوبوں کے ثمرات صوبے کے مستحق نوجوانوں تک مطلوبہ سطح پر نہیں پہنچ رہے۔

منیر احمد بگٹی نے خط میں کہا کہ مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی شکایات کے مطابق ان منصوبوں کے بارے میں آگاہی، رابطہ کاری اور شفاف عملدرآمد کا مؤثر نظام موجود نہیں، جس کے باعث متعدد اہل نوجوان حکومتی سہولتوں سے محروم رہ جاتے ہیں اور احساسِ محرومی میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA)، وزیراعظم یوتھ پروگرام، دانش اسکولوں، جامعات اور دیگر وفاقی منصوبوں کی ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح کی مانیٹرنگ و رابطہ کمیٹیوں میں مقامی اہل نمائندوں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے متحرک کارکنوں کو مناسب نمائندگی دی جائے تاکہ شفافیت، نگرانی اور عوامی اعتماد بہتر ہو۔

خط میں بلوچستان کی جامعات کے لیے خصوصی ترقیاتی فنڈز، دانش اسکولوں کی مؤثر نگرانی، ہر ضلع اور ڈویژن میں رابطہ و مانیٹرنگ کمیٹیوں کے قیام، نوجوانوں کے لیے خصوصی روزگار پیکیج، فنی تربیت، کاروباری قرضوں اور انٹرن شپ کے مواقع میں اضافے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

منیر احمد بگٹی نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وزیراعظم آفس کی سطح پر بلوچستان کے وفاقی ترقیاتی پروگراموں کا خصوصی جائزہ اجلاس بلایا جائے تاکہ متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی جا سکیں۔

انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور اگر انہیں تعلیم، روزگار، ہنر اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو احساسِ محرومی میں کمی آئے گی، قومی یکجہتی مضبوط ہوگی اور نوجوان قومی ترقی میں زیادہ مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!
Seraphinite AcceleratorOptimized by Seraphinite Accelerator
Turns on site high speed to be attractive for people and search engines.