کارگو طیارہ شارجہ سے کراچی آتے ہوئے گزشتہ شب اورماڑہ کے قریب سمندر میں حادثے کا شکار ہوگیا، جس کا ملبہ 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد تلاش کر لیا گیا ہے۔ تاہم عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق نجی کمپنی کے بی 737 کارگو طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے دوران طیارے کا ملبہ برآمد کر لیا گیا۔
پی اے اے نے بتایا کہ طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں ملا ہے۔ حکام مزید شواہد اکٹھے کرنے اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے سمندر میں ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بیان کے مطابق پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے سرچ ایریا میں مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے بھی متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔