آجک سید جماعت، آجک سید والینٹیئر کورپس اور آجک سید ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام کراچی میں منعقد ہونے والی نو روزہ محافلِ پاک عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ اختتامی تقریب میں معروف مذہبی اسکالر علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے خصوصی شرکت کی اور ملک و قوم کے لیے اجتماعی دعا کرائی۔
اپنے خطاب اور دعا میں علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے پاکستان کے امن، خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور سربلندی کے ساتھ ساتھ آجک سید برادری اور محفل میں شریک افراد کی صحت، خیر و برکت اور سلامتی کے لیے بھی دعا کی۔
تقریب کے اختتام پر آجک سید جماعت کے ترجمان نے پروگرام کے پرامن انعقاد پر تمام متعلقہ ریاستی، حکومتی اور انتظامی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امن و امان برقرار رکھنے اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا اور ایس ایس پی سٹی فرخ رضا کی خدمات کو سراہا۔
ترجمان نے تھانہ کھارادر کے ایس ایچ او پھون کمار اور پولیس ٹیم کی خدمات کا بھی خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محافل کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا۔ ان کے مطابق پولیس افسران اور اہلکاروں کے تعاون سے تمام تقریبات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئیں۔
آجک سید جماعت نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابی، ترقی اور صحت و سلامتی کی دعا بھی کی۔