کراچی میں سندھ حکومت نے کریمنل کیسز کی تفتیش اور چالان کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے فوجداری مقدمات کے چالان کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی سب کمیٹی قائم کر دی ہے۔
سی ٹی ڈی کارروائی: کراچی میں مقابلے کے بعد انتہائی مطلوب دہشتگرد سلمان عرف ابو ہریرہ گرفتار
محکمہ قانون سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ عامر فاروقی کریں گے۔ 10 رکنی اس کمیٹی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پراسیکیوشن سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران کو شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ، اے آئی جی لیگل علی شیر جکھرانی، ڈائریکٹر لیگل اینٹی کرپشن محمد اشرف سومرو، ڈی جی نارکوٹکس ونگ، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور پراسیکیوشن کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی فوجداری مقدمات کے چالان کی پری ٹرائل اسکرونٹی کے لیے جامع طریقہ کار اور ایس او پیز تیار کرے گی تاکہ عدالتوں میں پیش کیے جانے والے مقدمات کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔
کمیٹی کو یہ بھی ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ فوجداری نظام میں موجود قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کی نشاندہی کرے اور ان کے حل کے لیے سفارشات حکومت کو پیش کرے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد تفتیشی عمل، چالان کی تیاری اور پراسیکیوشن سسٹم کو بہتر بنانا ہے تاکہ مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر کم ہو اور تکنیکی خامیوں کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔