راولپنڈی: جمہوریہ گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیاپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر مہمان فوجی سربراہ کو پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مشترکہ تربیتی پروگرامز، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔
دوسری جانب گھانا کے نیشنل سکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے نیول ہیڈکوارٹرز اور ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے اور دفاعی شعبے میں روابط کو ادارہ جاتی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔