کراچی کے ضلع ملیر میں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل انفارمیشن سیل کی مدد سے لاکھوں روپے مالیت کے چوری اور چھینے گئے موبائل فونز بازیاب کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے ہیں۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر ایس ایس پی آفس ملیر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریکور شدہ موبائل فونز شہریوں میں تقسیم کیے گئے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری اور اسٹریٹ کرائم کے دوران چھینے گئے 70 سے زائد موبائل فونز برآمد کیے گئے جن کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔ یہ موبائل فونز مختلف کارروائیوں کے دوران ڈیجیٹل انفارمیشن سیل ضلع ملیر نے جدید تکنیکی مہارت کے ذریعے ٹریس کیے۔
تقریب میں ایس پی ملیر اور ڈی ایس پی میمن گوٹھ نے شرکت کی اور شہریوں کو ان کے کھوئے ہوئے موبائل فونز واپس کیے۔ اس موقع پر شہریوں نے موبائل فونز کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملیر پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق نے کہا کہ جرائم کی روک تھام، چوری شدہ سامان کی برآمدگی اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انٹیلی جنس نظام کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ڈیجیٹل انفارمیشن سیل کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔
ملیر پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط بنایا جا سکے۔




