کراچی: پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس (ساؤتھ زون) بلوچستان نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ انسدادِ اسمگلنگ کارروائی کے دوران بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی سے بڑی مقدار میں شراب ضبط کر لی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (پاکستان نیوی) کے مطابق یہ مشترکہ آپریشن جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کے تعاون سے انجام دیا گیا، جس کا مقصد سمندری راستوں کے ذریعے ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام تھا۔
ترجمان کے مطابق ضبط کی گئی شراب کی کھیپ بین الاقوامی مقامات سے سمندر کے راستے پاکستان منتقل کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے ممنوعہ سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس (ساؤتھ زون) بلوچستان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی انسدادِ اسمگلنگ کے حوالے سے مختلف اداروں کے درمیان مؤثر تعاون، معلومات کے تبادلے اور مربوط حکمت عملی کی عکاس ہے۔
پاکستان نیوی کے مطابق ملکی سمندری حدود کے تحفظ اور انہیں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے عزم کے تحت ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔