مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے علاقے چہلہ میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تحقیقات میں ان ڈیجیٹل آلات سے مشکوک روابط اور حساس نوعیت کا مواد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر مزید کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔ برآمد ہونے والے ہتھیاروں میں سات خودکار اسلحہ، متعدد گرینیڈز اور دیگر جنگی سامان شامل ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزمان کے قبضے سے حساس تنصیبات اور مختلف اہم مقامات کے نقشے، دستاویزات اور ریکارڈ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
حکام نے اس حوالے سے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے تاکہ ممکنہ نیٹ ورک اور روابط کا تعین کیا جا سکے۔