کراچی: ضلع کورنگی پولیس نے ایسٹ زون کے تھانہ لانڈھی کی حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا فروخت میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کراچی ویسٹ پولیس اسٹریٹ کرمنل گرفتار کارروائی
پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت انس ولد اخلاق احمد اور شعیب ولد اخلاق احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بدنام گٹکا ماوا فروش ہیں اور ان کے نام آئی آر لسٹ میں شامل تھے۔ ملزمان مفرور رہ کر مضر صحت گٹکا ماوا اور مین پوری کی تیاری و فروخت کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث رہے ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مضر صحت گٹکا ماوا کے 50 پیکٹس برآمد ہوئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 306/2026 بجرم دفعہ 8(1) گٹکا ماوا ایکٹ تھانہ لانڈھی میں درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ملزم انس کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، جس کے تحت وہ 2024 اور 2026 میں اسی نوعیت کے مقدمات میں تھانہ لانڈھی میں گرفتار ہو چکا ہے۔