آئی جی سندھ سی ٹی ڈی اجلاس کارکردگی

کراچی: انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی اور استعدادِ کار میں بہتری سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیر داخلہ سندھ سے چینی قونصل جنرل ملاقات

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پیز سی ٹی ڈی، اے آئی جی ایڈمن سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی، حساس معلومات کے تبادلے، انسدادی اقدامات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون اور جدید ٹیکنالوجی و آلات کے مؤثر استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال حساس معلومات کی بروقت رپورٹنگ اور انسدادی اقدامات میں بہتری کے باعث دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی مجموعی کارکردگی اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے جاری اقدامات اطمینان بخش ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو اسی جذبے اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ مزید تیز رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کالعدم تنظیموں، جرائم پیشہ عناصر، ان کے سہولت کاروں اور بیرون ملک موجود عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر اور مربوط انداز میں جاری رکھی جائیں۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں سے متعلق معلومات فوری طور پر متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کی جائیں تاکہ انسدادی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور دہشت گرد عناصر کی معاونت کرنے والے اکاؤنٹس کے خلاف قانونی کارروائی مزید تیز کی جائے۔

One thought on “آئی جی سندھ سی ٹی ڈی اجلاس کارکردگی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!