ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گٹکا ماوا فروشوں اور مضر صحت اشیاء کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف مختلف تھانوں کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں گٹکا ماوا اور نان کسٹم اشیاء برآمد کر لی گئیں۔
مرکزی مسلم لیگ کا مہنگائی کے خلاف کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں دھرنوں کا اعلان
تھانہ نیو کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم انڈین برانڈ تمباکو گٹکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزم اویس ولد عثمان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 72 پیکٹ نان کسٹم انڈین برانڈ تمباکو گٹکا برآمد کر لیا۔ برآمد شدہ مال کو دفعہ 550 ضابطہ فوجداری کے تحت تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
تھانہ گلبہار پولیس نے گٹکا ماوا فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ملزم شاہد علی ولد سلامت علی کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے گٹکا ماوا اور آداب برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تھانہ بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم یمین ولد شہزاد کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 10 پیکٹ گٹکا ماوا، 2 پیکٹ آداب اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
تھانہ سرسید پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 7-A میں خفیہ چھاپے کے دوران ملزم محمد عظیم ولد محمد وزیر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 65 پڑیاں آداب گٹکا ماوا برآمد کیں، جبکہ تھانہ لیاقت آباد پولیس کے انٹیلی جنس اسٹاف نے کارروائی کرتے ہوئے عادی گٹکا ماوا فروش شہزاد ولد انیس کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 50 پڑیاں گٹکا ماوا برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف گٹکا ماوا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
