ضلع کیماڑی کی موچکو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سپلائر کو گرفتار کرلیا۔
کیماڑی پولیس کی بڑی کارروائی، بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی خاتون گرفتار
پولیس کے مطابق موچکو چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران گرفتار ملزمہ کی شناخت حفیظہ زوجہ پھل جان کے نام سے ہوئی، جو بلوچستان کے علاقے تربت سے مسافر بس کے ذریعے کراچی منشیات کی سپلائی کے لیے پہنچی تھی۔
پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 2 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی، جن میں 1359 گرام آئس اور 987 گرام افیون شامل ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف تھانہ موچکو میں انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 340/26 درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات نیٹ ورک سے وابستہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
