محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران کراچی سمیت ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 25 مئی سے ملک کے مختلف علاقوں میں ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے، جو 26 مئی تک مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے باعث 25 سے 31 مئی کے دوران درمیانی سے شدید نوعیت کی ہیٹ ویو متوقع ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق گرمی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں شدید حبس اور گرمی کی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، مظفر آباد، میرپور، کوٹلی اور بھمبر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں بھی شدید گرمی اور مرطوب موسم کے باعث اصل درجہ حرارت سے زیادہ گرمی محسوس کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، زیادہ پانی پینے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہوگی تاکہ گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
