تشکُّر نیوز رپورٹنگ،
شائقین کرکٹ اور میوزک کے مداحوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ گلوکار علی ظفر کی پانچ سال بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل میں واپسی ہو رہی ہے۔
علی ظفر اس سال آفیشل طور پر پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا ترانہ گائیں گے جس کی تصدیق پی ایس ایل کے مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت خود گلوکار کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔
پی ایس ایل کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے علی ظفر کی جاری کردہ مختصر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار پیانو پر ایک دھن بجا رہے ہیں جب کہ کیپشن میں عندیہ دیا گیا ہے کہ انہوں نے لیگ کے آفیشل ترانے کی تیاری شروع کردی ہے۔
کیپشن میں لکھا تھا ‘سیٹی تو بجے گی، علی ظفر اپنے جادوئی انداز میں پی ایس ایل کے نویں سیزن کے ترانے کے لیے تیار ہیں’۔
سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آتے ہی مداحوں کی جانب سے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا، شائقین کا کہنا ہے کہ انہیں کب سے انتظار تھا کہ علی واپس آئیں اور پاکستان سپر لیگ کا ترانہ اپنی آواز میں گائیں۔
دوسری جانب پاکستان گلوکارہ آئمہ بیگ علی ظفر کے ساتھ اس سیزن کا گانا گائیں گی، اس کا اندازہ آئمہ کی حالیہ انسٹاگرام اسٹوریز سے لگایا جاسکتا ہے۔
علی ظفر کی شکایت:
گزشتہ ماہ علی ظفر نے شکوہ کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان سے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا ترانہ تیار کرنے کے لیے خود رابطہ کیا تھا لیکن بعدازاں معذرت کر لی۔
گلوکار کے مطابق اس سال کا پی ایس ایل ترانہ بنانے کے لیے پی سی بی نے ان سے باضابطہ طور پر خود رابطہ کیا تھا، اور انہوں نے 2 ماہ تک اپنے ذاتی اخراجات پر موسیقاروں اور میوزک پروڈیوسرز کی خدمات حاصل کیں اور ترانے کے تین مختلف ورژن لے کر آئے۔
علی ظفر نے بتایا کہ ان ورژنز میں سے ایک کو حتمی شکل دینے کے بعد ریلیز کی تیاری جاری تھی جب انہیں بتایا گیا کہ پی سی بی کچھ وجوہات کی وجہ سے ان کے ترانے کے ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
علی ظفر کے پی ایس ایل ترانوں کی مقبولیت:
واضح رہے کہ علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی تین سیزن کے ترانے گائے جس کی مقبولیت آج تک ہے۔
علی ظفر نے 2016 کے پہلے سیزن کا گانا ‘اب کھیل کے دکھا’ گایا تھا، اس کے بعد 2017 میں ‘اب کھیل جمے گا’ نشر ہوا جو کہ سپر ہٹ ہوگیا۔
2018 میں ‘دل سے جان لگا دے’ علی ظفر کی جانب سے گایا گیا جو کہ ہٹ رہا۔
بعدازاں 2019 میں ‘کھیل دیوانوں کا’، 2020 میں ‘تیار ہیں’، 2021 میں ‘گروو میرا’، 2022 میں ‘آگے دیکھ’ اور 2023 میں ‘سب ستارے ہمارے’ پی ایس ایل کے ترانے رہے۔
خیال رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 17 فروری سے چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔