کراچی میں بڑی کارروائی، کالعدم سندھودیش ریپبلکن آرمی کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد

کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی پولیس نے مشترکہ خفیہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھودیش ریپبلکن آرمی (SRA) سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشتگرد عبدالجبار سرکی ولد غلام رسول کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائی حب ریور روڈ رئیس گوٹھ پر قائم رینجرز چیک پوسٹ پر کی گئی جہاں ملزم کو کوئٹہ سے کراچی آتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔

ذوالحجہ کے ایام افضل ترین عبادت کا موسمِ بہار ہیں، عرفہ کا دن سال بھر کے دنوں سے بہتر ہے: حافظ عبدالرحمن سلفی

حکام کے مطابق گرفتار دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ، ڈیٹونیٹر، بال بیرنگ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ عبدالجبار سرکی سنہ 2020 میں کالعدم تنظیم سندھودیش ریپبلکن آرمی کے کمانڈر سجاد شاہ کے گروہ میں شامل ہوا تھا، جبکہ یہ گروہ کراچی اور اندرون سندھ میں مختلف تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگرد نے اپنے ساتھی کے ہمراہ جون 2020 میں نیشنل ہائی وے منزل پمپ کے قریب قائم رینجرز چوکی پر گرینیڈ حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں دو راہگیر زخمی جبکہ رینجرز چوکی کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ گرفتار دہشتگرد 14 اگست کے موقع پر دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے تحت گلشنِ حدید میں آزادی اسٹال کی ریکی کرچکا تھا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق عبدالجبار سرکی کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک میں انتہائی مطلوب دہشتگرد کے طور پر شامل تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد بیرون ملک موجود کمانڈر سجاد شاہ سے رابطے میں تھا اور کراچی کے حساس مقامات پر دہشتگردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ مزید سہولت کاروں اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔

رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار دہشتگرد کو اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مشکوک عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں۔

One thought on “کراچی میں بڑی کارروائی، کالعدم سندھودیش ریپبلکن آرمی کا انتہائی مطلوب دہشتگرد گرفتار، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!