اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU)/سی آئی اے کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع وسطی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں رضویہ مارکیٹ کے پیچھے چھاپہ مار کر دو عادی اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کر لیا۔
عطاء اللہ تارڑ کی سنو نیوز سی ای او سے ملاقات، میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل اور برطرف ملازمین کی بحالی پر اتفاق
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سلمان عرف ببلو اور عدنان علی کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول بھی برآمد کیے گئے۔
ابتدائی تفتیش اور سی آر او ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان متعدد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث اور عادی مجرم ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم سلمان عرف ببلو کا سابقہ کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں میں درج مقدمات پر مشتمل ہے، جن میں پاک کالونی، سہراب گوٹھ، لانڈھی اور کے آئی اے تھانے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں بھی علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک اور دیگر وارداتوں میں ممکنہ شمولیت کا تعین کیا جا سکے۔
ایس آئی یو حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے عادی مجرموں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔
