کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے تحت ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد غیرقانونی فلورز مسمار کر دیے۔
کھارادر اور میٹھادر میں تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، 100 سے زائد دکانیں سیل
ترجمان سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق کارروائیاں احسن آباد، ناظم آباد اور پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی اے سی ایچ ایس) کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جہاں بغیر منظوری تعمیر کیے گئے حصوں کو بھاری مشینری کی مدد سے گرایا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ناظم آباد نمبر 2B میں پلاٹ نمبر 3/3-2C پر غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی تیسری منزل کے خلاف انہدامی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ پی اے سی ایچ ایس بلاک 2 کے پلاٹ نمبر J-23 پر ڈیمولیشن آپریشن کے دوران غیرقانونی چوتھی منزل کو مسمار کردیا گیا۔

اسی طرح غازیان سی ایچ ایس، احسن آباد میں پلاٹ نمبر 43-B پر کارروائی کرتے ہوئے پہلی منزل کو گرا دیا گیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور متعلقہ اداروں کی نفری بھی موجود رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اسی لیے شہر بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی تعمیراتی منصوبے سے قبل متعلقہ ادارے سے منظوری ضرور حاصل کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

