ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے نیاز منزل، نارتھ ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
کلفٹن میں غیر قانونی شیشہ کیفیز کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 افراد گرفتار
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق “تیس مار خان اور کمانڈو گروہ” سے ہے۔ گرفتار افراد میں گلفام عرف سنی، محمد شان، داؤد، اشرف عرف پنو اور اسماعیل شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک 30 بور غیر لائسنس یافتہ پستول، دو 9 ایم ایم لائسنس یافتہ پستول، پانچ میگزین بمعہ 28 روند، پانچ موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں جن میں حیدری مارکیٹ، گلبرگ ٹاؤن، گودرہ چوک، ناظم آباد اور سرینا موبائل مارکیٹ شامل ہیں، میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل، کار، رکشہ اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گروہ اب تک 450 سے 500 وارداتوں میں شہریوں سے موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور تقریباً 35 سے 40 لاکھ روپے چھیننے میں ملوث رہا ہے۔ ملزمان نے دورانِ واردات مزاحمت پر 5 سے 6 شہریوں کو زخمی بھی کیا۔
رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزم محمد شان غیر قانونی اسلحہ جرائم پیشہ عناصر کو فراہم کرنے اور چھینی گئی موٹرسائیکلوں کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہے۔
ملزمان عادی مجرم ہیں جن کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ اسلحہ اور دیگر سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر دیں، اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
