اسلام آباد میں فلسطینی مذہبی قیادت کی وفاقی وزیر سے ملاقات، غزہ صورتحال پر اظہارِ تشویش اور پاکستان کے مؤقف کو سراہا

اسلام آباد (05 مئی 2026) — قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش اور مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے اہم ملاقات کی، جس میں فلسطین خصوصاً غزہ کی صورتحال، بین الاقوامی سفارتی کوششوں اور دوطرفہ مذہبی و تاریخی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے فلسطینی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر حافظ طاہر محمود اشرفی، ایڈیشنل سیکریٹری ساجد محمود چوہان اور فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر محمد بھی شریک تھے۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور پاکستانی پاسپورٹ پر واضح درج ہے کہ یہ اسرائیل کے لیے قابل استعمال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری صورتحال پر سفارتی سطح پر مسلسل کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ سردار محمد یوسف کے مطابق غزہ میں جاری صورتحال پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے اور یہ ایک انسانی المیہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

فلسطینی قاضی القضا ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کے مؤقف اور مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی صدر چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے اسرائیلی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقدس مقامات کی بندش ایک انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی اقدام ہے۔

مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلسطین اور پاکستان کے مؤقف میں کوئی فرق نہیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے ساتھ دینی اور جذباتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد مسلمان مسجد اقصیٰ میں آزادی کے ساتھ عبادت کر سکیں گے۔

ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، سفارتی اور عوامی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!