کراچی (اسٹاف رپورٹر) — شہر قائد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور اہم شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کراچی نے جدید طرز پر “ٹریفک فلو یونٹ (TFU)” قائم کر دیا ہے۔
اس حوالے سے کراچی پولیس آفس کے آڈیٹوریم میں ایک اہم بریفنگ منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کو ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے یونٹ کے قیام، مقاصد اور آپریشنل حکمتِ عملی پر تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
پولیس حکام کے مطابق یہ خصوصی یونٹ شہر کے 37 اہم ریڈ پوائنٹس پر متحرک انداز میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا تاکہ معمولی خلاف ورزیوں اور غیر قانونی رکاوٹوں کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک جام کا فوری طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔
ٹریفک فلو یونٹ میں 32 تربیت یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس اہلکار شامل کیے گئے ہیں جو مخصوص مائیکرو زونز میں مسلسل پیٹرولنگ، نگرانی اور فوری کارروائی کے ذریعے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھیں گے۔
یونٹ کو ون وے اور رانگ وے ڈرائیونگ، ڈبل پارکنگ، غیر قانونی رکاوٹوں، فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشوں اور روف ٹاپ سواری جیسے خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔
یہ خصوصی یونٹ ڈی ایس پی TRACS کی نگرانی میں جبکہ مجموعی طور پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی کمانڈ کے تحت کام کرے گا۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس ایک “ایمبیسیڈر فورس” کی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ عوام کا ادارے کے بارے میں تاثر براہ راست اہلکاروں کی کارکردگی اور رویے سے قائم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مؤثر نگرانی اور فیلڈ فیڈبیک کے ذریعے کراچی کے ٹریفک نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ، منظم اور آسان سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اختتام پر پولیس چیف نے ٹریفک فلو یونٹ کے اہلکاروں میں گیجٹس بھی تقسیم کیے۔

