کراچی کے ضلع کیماڑی میں انویسٹی گیشن اور آپریشن پولیس کی مشترکہ اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کے دوران خطرناک ڈکیت گروہ کے خلاف اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن مسرور احمد جتوئی کے مطابق پولیس نے گھروں میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والے 11 رکنی گروہ کے 3 اہم ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور دوران واردات اہل خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر نقدی اور قیمتی سامان لوٹتے تھے۔ ایس ایس پی کے مطابق اسی گروہ نے رواں ماہ بھی ماڑی پور کے علاقے بدھنی گوٹھ اور گریکس میں دو گھروں میں وارداتیں کی تھیں۔
ان دونوں وارداتوں کے مقدمات تھانہ ماڑی پور میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج تھے، جن کی تفتیش کے دوران تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت شیراز ولد محمد اسحاق، غلام حیدر عرف علی ولد غلام عباس اور عمر فاروق ولد غلام یاسین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحے کے علیحدہ مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی مسرور احمد جتوئی نے بتایا کہ کارروائی انویسٹی گیشن اور آپریشن ٹیموں نے مشترکہ طور پر انجام دی، جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔

