ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کے احکامات پر کراچی پولیس نے منشیات اور گٹکا ماوا کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ڈسٹرکٹ ویسٹ میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان، درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی
تازہ ترین کارروائی کے دوران تھانہ سرجانی ٹاؤن کی حدود تیسر ٹاؤن میں بدنام زمانہ گٹکا ماوا فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا، جہاں اندرونِ مکان قائم غیر قانونی یونٹ سے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں یاسر عرف گٹکا ڈان، راشد، عبید اور ابراہیم شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران موقع سے 1050 پڑیاں تیار گٹکا ماوا، 15 کلو بھیگی ہوئی چھالیہ، چونہ، مختلف اقسام کا تمباکو، پیکنگ ریپرز اور دیگر تیار و خام مال برآمد کیا گیا، جو غیر قانونی پیداوار اور سپلائی میں استعمال ہو رہا تھا۔
اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 22 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان میں 4 منشیات فروش اور 18 گٹکا ماوا فروخت کرنے والے افراد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتاریاں مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئیں جن میں اورنگی ٹاؤن میں 10، مومن آباد میں 2، اقبال مارکیٹ میں 2، پیرآباد میں 1، منگھوپیر میں 1، سرجانی میں 5 اور گلشن معمار میں 1 ملزم شامل ہے۔
برآمد شدہ سامان میں 66 گرام آئس، 120 گرام چرس، 15 کلو چھالیہ، 2559 پڑیاں گٹکا ماوا اور نقدی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض گرفتار ملزمان ماضی میں مختلف مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔
تمام ملزمان کے خلاف سندھ گٹکا ماوا ایکٹ اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق منشیات اور گٹکا ماوا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور اس نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے مزید کارروائیاں بھی کی جائیں گی۔

