ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی بڑی کارروائی، 29 لاکھ کی ڈکیتی حل، 3 ملزمان گرفتار

کراچی (22 اپریل 2026): ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کراچی نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر 29 لاکھ روپے کی کیش ڈکیتی کا کیس حل کر لیا اور واردات میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ڈی سی وسطی کا امتحانی مراکز کا دورہ، نقل کے خلاف سختی

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق یہ واقعہ تھانہ تیموریہ کی حدود میں آئل ڈسٹریبیوشن کے کیش سے متعلق ڈکیتی کا تھا، جس کا مقدمہ نمبر 192/2026 زیر دفعہ 382/34 تعزیراتِ پاکستان درج کیا گیا۔ واقعے کا فوری نوٹس ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے لیا، جس کے بعد ایس ایس پی سینٹرل نے جدید تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔

پولیس ٹیم میں ایس ایچ او، آئی ٹی ماہرین، سی سی ٹی وی اور انٹیلیجنس اہلکار شامل کیے گئے جنہوں نے ٹیکنیکل ٹریسنگ اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔

گرفتار افراد میں تمیم اظہر، عبدالمنان اور محمد وقاص شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم تمیم اظہر کمپنی کا ملازم نکلا جس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی، ریکی اور عملدرآمد کیا۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 21 لاکھ روپے نقدی، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ ابتدائی طور پر 29 لاکھ روپے کی ڈکیتی رپورٹ ہوئی تھی تاہم تحقیقات کے دوران اصل رقم 21 لاکھ روپے ثابت ہوئی، جو مکمل طور پر برآمد کر لی گئی۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان کا کوئی سابقہ کرمنل ریکارڈ سامنے نہیں آیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام نے اس کامیاب کارروائی کو جدید تفتیشی حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!